امریکا سے معاہدہ ایران کی کامیابی ، استقامت نے بڑی طاقت کو جھکادیا : حافظ نعیم
حکومت پٹرول کی قیمتیں فوری کم، ایران سے آزادانہ تجارت ، گیس پائپ لائن معاہدہ مکمل کرے :امیر جماعت اسلامی پاکستان میں تمام اکائیوں، بشمول کشمیری، بلوچ، سندھی، مہاجر، پختون اور پنجابی عوام کو ایک صفحے پر لانا ہوگا:پیغام، بیان
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے امریکا سے جنگ بندی اور معاہد ہ ایران کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیش رفت نے ثابت کردیا بڑی سے بڑی طاقت بھی کسی قوم کی استقامت اور مزاحمت کے سامنے اپنے عزائم مسلط نہیں کرسکتی،حکومت پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کرے ، ایران سے آزادانہ تجارت ، گیس پائپ لائن معاہدوں کی تکمیل یقینی بنا ئی جائے ، اس سے پاکستان کے توانائی بحران میں نمایاں کمی آسکتی ہے ۔منصورہ سے جاری ویڈیو پیغام اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تحریر میں اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ طے پانے ، آبنائے ہرمز کی بندش ختم کرنے اور حالات معمول پر لانے کے اعلان کے بعد واضح ہوگیا کہ متحد قومیں بڑے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہیں،ایران کی قوم، قیادت اور عوام کے جذبے نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ اگر حکومت اور قوم ایک صفحے پر ہوں تو بڑی طاقتوں کو بھی اپنے فیصلے تبدیل کرنا پڑتے ہیں۔ امریکا اور اسرائیل نے بڑے بڑے دعوے کیے تھے کہ وہ ایرانی نظام، جوہری پروگرام، میزائل صلاحیت اور فوجی طاقت کو ختم کردیں گے لیکن جنگ کا اختتام مختلف صورتحال میں ہوا اور اصل معاملہ آبنائے ہرمز تک محدود ہوگیا ،یہ ایران کی تزویراتی کامیابی ہے۔
انہوں نے ایران کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کے نقصانات اور مشکلات کو ایرانی قوم نے اپنی کمزوری نہیں بلکہ اپنی طاقت بنایا، یہی زندہ قوموں کا طرز عمل ہوتا ہے ،پاکستان کو بھی اس صورتحال سے سبق سیکھنا چاہیے ، حکومت پاکستان نے ثالثی کے عمل میں کردار ادا کیا جو ایک مثبت پیش رفت ہے ، تاہم ملک کے اندر قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے بغیر کسی بھی موقع سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں تمام اکائیوں، بشمول کشمیری، بلوچ، سندھی، مہاجر، پختون اور پنجابی عوام کو ایک قومی صفحے پر لانا ہوگا۔ حکومت کو عوامی بے چینی کے اسباب ختم کرنے ، عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کرنے اور انہیں سہولت دینے کی ضرورت ہے ۔نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلی کے بعد پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی معیشت اور توانائی کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے ،عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری طور پر عوام تک منتقل کئے جائیں۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرسکتا ہے ، پٹرولیم لیوی جیسے اقدامات پر نظرثانی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کو وسعت دے کر اس میں ایران اور ترکیہ کو بھی شامل کیا جائے۔