بجلی بلوں میں فکسڈ چارجز ختم کیے جائیں :سینیٹ خزانہ کمیٹی
100 یونٹس استعمال والے کو پیسے 400 یونٹ کے دینے پڑ رہے :کامل آغا درآمدی ڈیوٹیز میں کمی سے 143 ارب کاریونیو نقصان ہو گا :سیکرٹری تجارت
اسلام آباد (مدثر علی رانا،سید قیصر شاہ ) سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ نے بجلی بلوں پر فکسڈ ٹیکس کوعوام کیلئے عذاب قرار دیتے ہوئے ان کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا۔سینیٹر کامل علی آغا نے کہا بجلی بلوں پر فکس چارجز عوام کیلئے عذاب بن چکے ہیں۔میرے اپنے لاجز کے بجلی یونٹس کی قیمت 6200 روپے ہے جس پر 6800 فکس چارجز ہیں۔ جو بندہ سو یونٹس استعمال کر رہا اسے 400 یونٹ کے پیسے دینے پڑ رہے ، کمیٹی نے فکس چارجز کو ختم کرنے کیلئے ایجنڈا پر توانائی حکام کو طلب کر لیا۔ خزانہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت ہوا جس میں سیکرٹری تجارت جواد پال نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ درآمدی ٹیرف میں حکومت کی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کمی کی تجویز ہے۔
ڈیوٹیز میں کمی سے حکومت کو مجموعی طور پر 143 ارب روپے سے زائد ریونیو نقصان ہو گا ۔سیکرٹری تجارت نے بتایا کہ 20 فیصد سے زائد کسٹمز ڈیوٹی پر زیادہ سے زیادہ شرح 50 فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف ہے ، ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کی تجویز ہے ، اضافی کسٹمز ڈیوٹی کی شرح 6 فیصد سے 4، 4 سے 2 اور 2 فیصد سے صفر کرنے کی تجویز ہے ، بعض مخصوص اشیا پر 2 فیصد اضافی کسٹمز ڈیوٹی برقرار رکھنے کی تجویز ہے ، ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 20 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے۔