وراثت میں خواتین کا حق اللہ کا مقررکردہ، سلب نہیں کیا جا سکتا :وفاقی آئینی عدالت
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) وفاقی آئینی عدالت نے خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ سے متعلق ایک فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ وراثت میں خواتین کا حق ریاست نہیں بلکہ اللہ کا مقرر کردہ حق ہے جسے کسی بھی صورت سلب نہیں کیا جا سکتا۔۔۔
قرآن پاک میں خواتین کے وراثتی حقوق کو واضح طور پر تسلیم اور محفوظ بنایا گیا ہے ، لہٰذا کوئی بھی علاقائی رسم، خاندانی روایت یا سماجی رواج خواتین کو ان کے قانونی اور شرعی حقِ وراثت سے محروم نہیں کر سکتا۔ تحریری تفصیلی فیصلہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی بی بی آمنہ کے مقدمہ میں جاری کیا گیا جس میں اس نے اپنے بھائیوں کے جائیداد میں مکمل حصہ نہ دینے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ خواتین کو وراثت کا حق نہ دینا نہ صرف ملکی قانون بلکہ اللہ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے ۔ اس بنیاد پر وفاقی آئینی عدالت نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست گزار خاتون کے والدین کی تمام جائیدادیں حصص کے تعین کیلئے متعلقہ سول عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جو آئین، قانون اور اسلامی احکامات کے مطابق ورثاء کے حصص کا تعین کرے۔