اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی سفارتی کامیابی کا اعتراف

  اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی سفارتی کامیابی کا اعتراف

یہ امن و استحکام کی جانب اہم پیش رفت، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل کو مبارکباد توانائی منڈیوں تجارتی راستوں کو استحکام ملے گا ،ایاز صادق ، شازیہ مری ، امیر مقام

اسلام آباد (نامہ نگار ، سٹاف رپورٹر ، خصوصی نامہ نگار ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے امریکہ ایران کے درمیان ‘‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’’ پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ، سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع ممکن ہوئی اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی ۔ انہوں نے وزیراعظم، نائب وزیراعظم ، فیلڈ مارشل وفاقی وزیر داخلہ کو معاہدے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت اور مؤثر سفارت کاری نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد اور ذمہ دار ملک کے طور پر مزید نمایاں کیا ، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار نے فریقین کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ معاہدے کے نتیجے میں عالمی توانائی منڈیوں اور تجارتی راستوں کو استحکام ملے گا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب مثبت پیش رفت ،صدر زرداری ، وزیراعظم ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت نے قومی سلامتی اور سفارتی محاذ پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کیا ،ادھر وفاقی وزیر امور کشمیر، انجینئر امیر مقام نے بھی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کی سفارتی ٹیم کو مبارکباد دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں