پی پی رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل انتقال کر گئے
جگر کی بیماری میں مبتلا،5 ماہ سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے میت خیرپور منتقل،بلاول، مراد شاہ ، فریال تالپور ،شرجیل ودیگر کی تعزیت
کراچی(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل اتوار کو جگر کی بیماری کے باعث انتقال کر گئے ۔اہل خانہ کے مطابق نعیم احمد کھرل کا انتقال کراچی کے نجی اسپتال میں ہوا، وہ 5 ماہ سے زیر علاج تھے ۔ مرحوم کا جسد خاکی کراچی سے خیرپور لے جایا گیا، جہاں ان کی تدفین ہوگی۔نعیم احمد کھرل پی پی پی کے ٹکٹ پر پی ایس 30 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ وہ 5 مرتبہ رکن سندھ اسمبلی رہ چکے تھے ۔سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے نعیم کھرل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل کے انتقال پر بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، فریال تالپور ،شرجیل میمن ، شازیہ مری و دیگر نے اظہار تعزیت کیا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نعیم کھرل کے انتقال پر دلی رنج و غم ہے ، وہ باوقار، مخلص اور عوامی نمائندے تھے ، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان اور کارکنان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا نعیم کھرل کی سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کے انتقال سے پیپلز پارٹی وفادار اور متحرک ساتھی سے محروم ہوگئی ہے ۔