امریکا، ایران کشیدگی :پاکستان امن کا داعی بن کر ابھرا:تجزیہ کار

 امریکا، ایران کشیدگی :پاکستان امن کا داعی بن کر ابھرا:تجزیہ کار

پاکستان کی فعال سفارت کاری نے کشیدگی کم کرنے کے مواقع پیدا کئے :نجم ولی وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل کے سفارتی اقدامات قابل تحسین ہیں :ماریہ سلطان و دیگر

اسلام آباد (اے پی پی)ممتاز تجزیہ کاروں اور مبصرین نے کہا ہے کہ امریکا، ایران کشیدگی کے درمیان امن کو فروغ دینے میں پاکستان کی قیادت ایک اہم قوت کے طور پر ابھری ہے ، جس نے عالمی سطح پر ملکی مثبت قومی تشخص کو اجاگر کیا، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سفارتی اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ زیورخ سوئٹزرلینڈ میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے معروف دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی مصروفیات علاقائی اور عالمی امن کیلئے اس کے عزم کو ظاہر کرتی ہے ۔ تجزیہ کار نجم ولی نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی فعال سفارت کاری نے تعمیری بات چیت اور کشیدگی کو کم کرنے کے مواقع پیدا کئے ہیں ۔میزبان اور بین الاقوامی امور کے تجزیہ کار ڈاکٹر منور حسین نے کہا کہ پاکستان کا کردار سفارتی پختگی اور تزویراتی ویژن کی عکاسی کرتا ہے ۔بریگیڈیئر (ر)مسعود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششوں سے اس کے بین الاقوامی امیج میں اضافہ ہوا ۔تجزیہ کار ماریہ سلطان ،حارث نواز اور زاہد محمود نے کہا کہ حالیہ پیش رفت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ خوبیوں کو اجاگر کیا ،ایک پیچیدہ علاقائی صورتحال سے نمٹنے میں پاکستان کی کوششیں سٹریٹجک ویژن اور سفارتی پختگی کی عکاسی کرتی ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں