ظالمانہ لیوی کیخلاف شاہراہوں پر موٹر سائیکلیں بند کر کے احتجاج ہو گا: حافظ نعیم
جلد ملک بھر کے نوجوانوں کو احتجاج کی کال دیں گے ، پٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں حکومت نجی شعبے کے ملازمین کے مسائل سے لاتعلق ،برسوں سے ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیر کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری سے سوال کیا کہ سندھ حکومت نے کم از کم اجرت 43ہزار روپے مقرر کر دی ہے لیکن وہ عوام کو بتائیں کہ ان کے خاندان کی ہزاروں مربوں پر مشتمل اراضی پر کام کرنے والے ہاریوں کی اجرت کتنی ہے ؟ ان کو اجرت تو کیا صرف تھوڑا سا غلہ دیا جاتا ہے اور غلام بنا کر رکھا ہوا ہے ، پیپلز پارٹی کے اندر تو جاگیردارانہ نظام قائم کیا ہوا ہے اور بات جمہوریت کی کرتے ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے پٹرول قیمت225روپے فکس کی جائے ، پٹرولیم لیوی فوری ختم کی جائے ، بجلی بلوں میں بھاری ٹیکس اور آئی پی پیز کے معاہدے ختم کیے جائیں ۔ جماعت اسلامی پر امن سیاسی جدو جہد اور مزاحمت پر یقین رکھتی ہے ، ظالمانہ لیوی کے خلاف بہت جلد ملک بھر کے نوجوانوں کو احتجاج کی کال دیں گے جو بڑی اور مرکزی شاہراہوں پر اپنی اپنی موٹر سائیکل بند کر کے احتجاج کریں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین، محنت کشوں اور عام شہریوں کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں دیا گیا، ملک میں لاکھوں نجی شعبے کے ملازمین ایسے ہیں جن کی تنخواہوں میں برسوں سے اضافہ نہیں ہوا لیکن حکومت اس طبقے کے مسائل سے لاتعلق ہے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں محدود اضافہ کیا گیا جبکہ پارلیمینٹیرینز کی تنخواہوں اور مراعات میں 300 سے 400 فیصد تک اضافہ کردیا گیا۔ صوبائی حکومتیں عوام کے ٹیکسوں سے اربوں روپوں کے اشتہارات دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں اس نے کبھی جمہوریت تسلیم نہیں کیا جس کی ایک مثال کراچی میں ہونے والا گزشتہ بلدیاتی الیکشن ہے ،جس میں اس نے جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر قبضہ کرکے اپنا میئرمسلط کردیا ، کراچی میں 15ہزار بسوں کی ضرورت ہے ، سندھ حکومت نے 150بسوں کا اضافہ کرکے حاتم طائی کی قبر پر لات ماردی ہے ، ایم کیوایم 40 سال میں اس شہر کے لیے کوئی ایک چیز حاصل نہیں کرسکی ،جو شہر میں ایک پولنگ سٹیشن نہیں جیت سکے ان کو درجنوں سیٹیں دے دی گئیں ۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مسئلے کا حل مذاکرات ہیں۔پریا کماری کو بازیاب کروانے اورپاکستانی شہریوں کو صومالیہ کے قزاقوں سے بازیاب کرانے میں حکومت اپناکردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ اسرائیل کو بمباری سے روکیں ۔ پریس کانفرنس میں امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ، امیر کراچی منعم ظفرخان،نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ ، سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی بھی موجود تھے۔