سکیورٹی اہلکار شہادت کیس صبغت اللہ شاہ کو عمر قید
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے گوادر میں سکیورٹی اہلکار کو شہید کرنے کے مقدمے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزا سنا دی ، انسداد دہشت گردی عدالت کوئٹہ ون کے جج محمد علی مبین نے یہ فیصلہ سنایا۔
صبغت اللہ کا ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ سے آن لائن ٹرائل ہوا۔دوسری طرف بی وائی سی کے گرفتار رہنماؤں اور ان کے وکلا نے عدالت کا بائیکاٹ کیا ، گرفتار رہنما ڈسٹرکٹ جیل میں 12 جون سے دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ بی وائی سی کے رہنماؤں کے وکیل اسرار جتک ایڈووکیٹ نے بتایا کہ صبغت اللہ شاہ اور دیگر کے خلاف یہ مقدمہ 2024 میں گوادر میں ‘بلوچ راجی مچی’ نامی جلسے میں ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کے حوالے سے درج ہوا تھا۔