بھارتی سکھ یاتریوں کی گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب حاضری
ماتھا ٹیکا، مذہبی رسومات ادا کیں،آج فاروق آبادیاترا کے بعد حسن ابدال جائیں گے
لاہور(خبر نگار )مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آئے بھارتی سکھ یاتریوں نے گزشتہ روز بابا گورو نانک دیو جی کے جنم استھان، گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں حاضری دی، ماتھا ٹیکا اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے گورو دوارہ جنم استھان کا دورہ کیا اور یاتریوں کیلئے کئے گئے رہائش، لنگر، طبی امداد، ٹرانسپورٹ، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اورمتعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
شیڈول کے مطابق سکھ یاتری آج 23 جون کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کے بعد گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو نگے اور گورو دوارہ پنجہ صاحب میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد 25 جون کو گورو دوارہ دربار صاحب کرتارپور جائیں گے ،وہاں ایک روز قیام کے بعدیاتری 27 جون کو گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کرتے ہوئے لاہور پہنچیں گے اور گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے ،یہاں 29 جون کو منعقد ہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرینگے ۔بھارتی سکھ یاتری اپنا مذہبی دورہ مکمل کرنے کے بعد 30 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔