میاں بیوی سمیت 3افراد آف لوڈ، ڈی جی امیگریشن کو نوٹس

میاں بیوی سمیت 3افراد آف لوڈ، ڈی جی امیگریشن کو نوٹس

اسلام آبادہائیکورٹ نے عمرہ ادائیگی کیلئے جانے سے روکنے پر جواب طلب کر لیا سابق ڈی جی NCCIAکی محکمانہ انکوائری کیخلاف درخواست پر بھی نوٹس جاری

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے میاں بیوی سمیت تین مسافروں کو آف لوڈ کرکے عمرہ کی ادائیگی سے روکنے کے خلاف درخواست پر ڈی جی امیگریشن کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ اسد اسلم، عمران اور عشرت  عمران کی درخواست پر سماعت کے دوران ان کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیاکہ پٹیشنرز کو 18 جون کو ایئر پورٹ پر آف لوڈ کیا گیا، ان کے پاس ریٹرن ٹکٹ اور کیو آر کوڈ کے ساتھ ہوٹل بکنگ بھی تھی، عملے نے رشوت کا تقاضا کیا، استدعا ہے کہ پٹیشنرز کو عمرہ کی ادائیگی کیلئے روانگی کی اجازت اور عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ ادھر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے سابق ڈی جی این سی سی آئی اے وقار الدین سید  کی محکمانہ انکوائری کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت داخلہ سے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں