لاپتا افراد کیس:محکمہ داخلہ سندھ آئی جی و دیگر سے جواب طلب
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق مختلف آئینی درخواستوں کی سماعت کے دوران محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی ، ڈی جی رینجرز اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اگست تک جواب طلب کر لیا۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل پرور چانڈیو ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ گلستانِ جوہر سے تعلق رکھنے والے شہری محمد ایوب 9 جون سے لاپتا ہیں۔ وکیل کے مطابق پولیس اور سول لباس میں ملبوس اہلکار محمد ایوب کو گھر سے اپنے ساتھ لے گئے تھے ، تاہم اس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ تھانہ بھی لاپتا شہری کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کر رہا جبکہ پولیس اہل خانہ کی بات سننے کے لیے بھی تیار نہیں۔سماعت کے دوران سجاول سے لاپتا شہری امام بخش خاصخیلی کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ امام بخش خاصخیلی کو بھی نامعلوم اہلکار گھر سے لے گئے تھے اور تاحال ان کا کوئی پتا نہیں چل سکا۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے مؤقف اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی ، ڈی جی رینجرز اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لاپتا افراد سے متعلق رپورٹ اور جواب 6 اگست تک عدالت میں جمع کرایا جائے۔