سندھ اسمبلی:بوری بند لاشوں کے ذکر پرہنگامہ،وزیرداخلہ کاانکوائری کاحکم

سندھ اسمبلی:بوری بند لاشوں کے ذکر پرہنگامہ،وزیرداخلہ کاانکوائری کاحکم

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین آمنے سامنے آگئے ۔ متنازع بیان پر صوبائی وزیر داخلہ نے انکوائری کا حکم دے دیا۔

ایوان میں اس وقت شدید کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایم کیو ایم کے رکن فرحان انصاری کی تقریر کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین آمنے سامنے آگئے اورسخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ فرحان انصاری نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت سندھ کے لئے گلے کی ہڈی بن چکا ہے ، اس میں بے پناہ کرپشن ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا جو لوگ ہمیں طعنے دیتے ہیں انہیں بوری بند کا معلوم ہے ؟۔ ان کے ان الفاظ پر پیپلز پارٹی کے ارکان نے سخت احتجاج کرتے ہوئے شور شرابہ شروع کردیا۔ ڈپٹی سپیکر نے ان کے غیر پارلیمانی الفاظ حذف کرادئیے۔

پی پی ارکان نے مطالبہ کیا کہ فرحان انصاری اپنے الفاظ واپس لیں۔ جس پر فرحان انصاری نے کہا میں نے کسی کوکوئی گالی نہیں دی۔ وزیرداخلہ نے کہا فرحان انصاری کی تقریر پورے میڈیا پر چلی ہوگی، تقریر میں بوری بند لاشوں کی دھمکی دی گئی، میں انکوائری کے احکامات دیتا ہوں۔ ایم کیو ایم کے رکن طٰحہ ٰاحمد نے کہا تحقیقات بالکل کرائیں، مگر ہمارا موقف بھی سنا جائے ، پہلے شر انگیزی کہاں سے ہوئی اس کی بھی تفتیش ہونی چاہیے ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان کچھ دیر کے لئے ایوان سے باہر چلے گئے اور پھر واپس لوٹ آئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں