حکومت کیساتھ مذاکرات پر بات نہیں ہو رہی:پی ٹی آئی

حکومت کیساتھ مذاکرات پر بات نہیں ہو رہی:پی ٹی آئی

وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت کو ویلکم کیا،ابھی رابطہ نہیں ہوا:گوہر ہم جمہوریت، آزاد الیکشن کمیشن ،لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں:اسد قیصر

اسلام آباد(دنیا نیوز،این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا حکومت کیساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات کے حوالے سے فی الحال کوئی بات نہیں ہو رہی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت کو ویلکم کیا ہے ، حکومت کیساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات کے حوالے سے فی الحال کوئی بات نہیں ہورہی، مذاکرات بڑا ہی سنجیدہ عمل ہے اس کے لیے کہیں بیٹھنا ہوگا۔ ہم سب کو ذاتی انا سے نکل کرکچھ کرنا ہوگا، سوچا تھا ہاتھ ملانے سے معاملات بہتر ہونگے ، محمود اچکزئی نے خود جاکروزیراعظم سے ہاتھ ملایا، مذاکرات ہماری خواہش ضرورہیں لیکن واضح کردوں ابھی تک کسی سطح کا رابطہ نہیں ہے ، جب تک لوگ بانی کے ساتھ ہیں وہ مائنس نہیں ہوسکتے ، اس معاملے کا کچھ حل نکالنا ہوگا۔بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ میں سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنے کے بالکل خلاف ہوں۔

سیاست میں کارکردگی پر مقابلہ ہونا چاہیے نہ کہ جیلوں میں ڈالنے پر، ہماری یہ درخواست ہے کل بانی سے فیملی کو ملاقات کرنے دی جائے ۔تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بھی کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کی بات کی لیکن بات چیت شروع نہیں ہوئی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت، آزاد الیکشن کمیشن اور لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں۔ صوبے کا بجٹ پاس کرنا آئینی ذمہ داری تھی، وفاق کو پیسے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر نہیں دیں گے ۔ اسد قیصر نے کہا کہ انتقامی کارروائیاں بھی بند ہوں، ان مسائل پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام ارکانِ صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی کے وفادار ہیں، ناراض ارکان کے خدشات کو دور کر رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں