سندھ :اب ماہانہ تنخواہ یکم کے بجائے 25 ،پنشن26 تاریخ کو ادا کی جائیگی
کراچی(این این آئی) سندھ کے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا نیا شیڈول جاری کردیاگیا ، جس کے تحت اب ہر ماہ کی یکم کا انتظار ختم ہوگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے صوبے بھر کے ہزاروں سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے تنخواہ اور پنشن وقت سے پہلے ادا کرنے کے نئے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا، جس کا مقصد ملازمین کے لیے مالیاتی منصوبہ بندی کو مزید آسان بنانا ہے ۔اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اب نئے ترمیمی طریقہ کار کے تحت سرکاری ملازمین کو اب ہر ماہ کی یکم تاریخ کے بجائے 25 تاریخ کو ہی ماہانہ تنخواہ ادا کر دی جائے گی اور ریٹائرڈ ملازمین کو ان کی پنشن ہر ماہ کی 26 تاریخ کو منتقل کر دی جائے گی۔اس کے علاوہ دیگر ضمنی یا اضافی ادائیگیوں کا عمل اب ہر ماہ کی 29 تاریخ کو مکمل کیا جائے گا جبکہ جنرل پروویڈنٹ فنڈ اور دیگر بقایاجات کی ادائیگیاں ہر ماہ کی 6 سے 16 تاریخ کے درمیان اور 20 تاریخ کو پروسیس کی جائیں گی۔