لوئردیر:سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی 6مطلوب دہشت گرد ہلاک
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) صوبہ خیبرپختونخوا میں لوئردیر کے علاقے برچڑئی تالاش میں سی ٹی ڈی (محکمہ انسداددہشت گردی)کے ساتھ جھڑپ میں 6مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
سی ٹی ڈی نے خیبرپختونخوا کیساتھ مل کر خفیہ اطلاع پر چند روز قبل باڈوان پل چیک پوسٹ پرحملے اور کانسٹیبل محمد اسماعیل کو شہید کرنے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کیلئے ضلع دیر کے پہاڑی علاقے میں کارروائی کی اور مکمل ناکہ بند ی کرکے ان کو گھیر ے میں لے لیا ،جس پر دہشت گردوں نے اندھادھند فائرنگ کردی ،فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر جاری رہنے کے بعد 6دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں خلیل الرحمن عرف صدام، نجم الدین عرف ابوجانہ اور کفایت اللہ شامل ہیں جبکہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے ۔دہشت گردوں کے قبضے سے 6 عدد کلاشنکوف، 3 عدد ہینڈ گرنیڈز اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے ۔ ہلاک ہونیوالے دہشت گرد محکمہ انسداد دہشتگردی کو دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے ۔