آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات،سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات،سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع

ایل اے 28 میں ن لیگ کے چودھری شہزاد ، پی پی کے بازل نقوی میں اصل مقابلہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت چودھری شہزاد کی شمولیت پر اندرونی اختلافات کا شکار

 راولپنڈی (خاورنوازراجہ ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ گزشتہ روز حلقہ ایل اے 28 مظفرآباد 2 (لچھراٹ) سے تعلق رکھنے والے چودھری شہزاد نے تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی جبکہ پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں ٹکٹ بھی جاری کر دیا گیا۔ 2021 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے چودھری شہزاد کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا، تاہم وہ بعد ازاں تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے ۔

اس انتخاب میں انہوں نے تقریباً 21 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مرتضیٰ گیلانی  صرف 7 ہزار ووٹ حاصل کر سکے تھے ۔ اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل نقوی 26 ہزار ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے ۔ لچھراٹ کے اس حلقے میں آئندہ انتخابات میں اصل مقابلہ بازل نقوی اور چودھری شہزاد کے درمیان متوقع ہے ۔ دوسری جانب مرتضیٰ گیلانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے جس سے بازل نقوی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت چودھری شہزاد کی پارٹی میں شمولیت پر اندرونی اختلافات کا شکار ہے ، بعض رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ چودھری شہزاد نے ماضی میں قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر پارٹی نہ چھوڑنے کا حلف دیا تھا لیکن بعد ازاں وہ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔ ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پارٹی میں دوبارہ شمولیت سے قبل انہیں کارکنوں سے معذرت اور اپنے سابقہ اقدام کی وضاحت کرنی چاہیے تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں