یوم عاشور آج ، لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد

یوم عاشور آج ، لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد

راستوں میں عزاداروں کیلئے پانی، دودھ ،شربت کی سبیلیں،لنگر کا بھی انتظام ملک بھر میں 9محرم کے جلوس، کئی شہروں میں موبائل فون سروس جزوی معطل

لاہور،اسلام آباد، کراچی(اپنے رپورٹرسے ،دنیا نیوز، آن لائن )ملک بھر بشمول آزاد کشمیرمیں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منا یا جائے گا ، یوم عاشور پر نواسہ رسول سیدنا حضرت امام حسین ؓاور شہدائے کربلا کو نذرانہ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ امام بارگاہوں سے علم ، ذوالجناح اورتعزیے کے جلوس برآمد کئے جائیں گے ۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں سیدنا امام حسینؓ اور آپ کے اصحاب کو ہدیہ عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا۔نامور نوحہ خوان احسن علی، فائق علی نقوی، فواد بٹ، کمیل جعفری، استاد منصور احمد و دیگر نے سوز و سلام پیش کیا اس موقع پر علامہ امجد علی عابدی نے مجلس عزا سے خطاب کیا اور فضائل و مصائب بیان کئے۔

مجلس کے بعدجلوس نثار حویلی سے برآمد ہو ا جو مبارک حویلی سے ہوکر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں رہا، جلوس کے راستوں میں عزاداروں کے لیے پانی دودھ شربت کی سبیلیں لگائی گئیں۔ لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا ۔جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ملک بھر میں انتظامیہ و پولیس کی جانب سے یوم عاشور پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوسوں میں چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی ۔ علاوہ ازیں لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں 9 محرم کو چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے ۔

لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ سے برآمد ہوا، سراج بلڈنگ، اسلامپورہ چوک، نیلی باغ چوک ودیگر مقررہ راستوں سے ہوتا امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچا جہاں مجلس عزا اور نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس مقررہ روٹ سے پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔اسلام آباد جی سکس میں مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جس میں راولپنڈی سے بھی جلوس شریک ہوئے ۔کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ جلوس میں ماتمی دستوں نے زنجیرزنی اور ماتم کیا۔ داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی،حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی گئی،کئی شہروں میں ٹریفک پلان نافذ رہا، موبائل فون سروس جزوی معطل رہی ۔ 9 محرم کی طرح 10 محرم کو بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں