جماعت اسلامی کا مسئلہ کراچی نہیں، پی پی کی مقبولیت،سندھ حکومت

جماعت اسلامی کا مسئلہ کراچی نہیں، پی پی کی مقبولیت،سندھ حکومت

مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والوں نے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات نہیں کیے ترقیاتی منصوبوں پر سوال اٹھانے والوں کو پہلے وفاق سے جواب لیناچاہیے ،ترجمان

کراچی(این این آئی) ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا اصل مسئلہ کراچی کے شہری مسائل نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت ہے ۔اپنے بیان میں ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ہر بیانیہ گمراہ کن اور منافقت کی بدترین مثال بن چکا ہے اور ان کی سیاست الزامات، کنفیوژن پیدا کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برسوں تک کراچی کے مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والوں نے شہر کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے ، جبکہ آج وہ عوامی ہمدردی حاصل  کرنے کے لیے تنقید کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔گنہور خان اسران نے کہا کہ نعروں، احتجاج اور دھرنوں سے شہر نہیں چلتے بلکہ وژن، وسائل اور موثر حکمرانی درکار ہوتی ہے ۔ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں ترقیاتی منصوبوں، جدید ٹرانسپورٹ نظام اور عوامی سہولیات کے فروغ کے اقدامات جماعت اسلامی کو ہضم نہیں ہو رہے ، کے فور، پانی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر سوال اٹھانے والوں کو پہلے وفاقی حکومتوں سے جواب طلب کرنا چاہیے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں