پنجاب میں بلدیاتی الیکشن 2 سے 3 ماہ میں متوقع : عظمیٰ بخاری
عوام کو جلد پٹرول مزیدسستاہونے کی خوشخبری ملنے والی ہے :میڈیا سے گفتگو وزیر اطلاعات کا فیصل آباد ڈویژن کا دورہ، عاشورہ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
لاہور،کمالیہ ،فیصل آباد(سٹاف رپورٹر ،نمائندہ خصوصی ،خصوصی رپورٹر)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات آئندہ دو سے تین ماہ کے دوران متوقع ہیں، عوام کو جلد پٹرول مزیدسستاہونے کی خوشخبری ملنے والی ہے ،حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کمالیہ کے نواحی قصبے خورشید آباد میں محرم الحرام کیلئے سکیورٹی کے انتظامات چیک کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کریں اور نچلی سطح پر جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
محرم الحرام کے انتظامات کے بارے میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت عزاداروں کو بہترین سہولیات اور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔عظمیٰ بخاری نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کے ہمراہ فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور محرم الحرام بالخصوص عاشورہ کے موقع پر مجالس، جلوسوں اور ان کے روٹس پر کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد سٹی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ اور پیرمحل میں مختلف امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مجالس کے منتظمین اور عزاداروں سے ملاقات کی اور ان سے انتظامات، سہولیات اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں دریافت کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کمالیہ میں قدیمی امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مجلس میں شریک خواتین سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔