غیر قانونی راستوں سے یورپ پہنچنے کی کوشش ناکام، اٹلی سے ڈی پورٹ شہری گرفتار
کراچی (آئی این پی) غیر قانونی راستوں سے یورپ پہنچنے کی کوشش ناکام، اٹلی سے ڈی پورٹ پاکستانی شہری ایف آئی اے کے شکنجے میں آگیا۔
مسافر اسامہ علی ولد محمد اشرف، سکنہ گوجرانوالہ، پاکستانی سفری دستاویزات پر قانونی طریقے سے بیرون ملک روانہ ہوا تھا، تاہم بعد ازاں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی قیام میں ملوث پایا گیا، مسافر ترکی پہنچنے کے بعد مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم رہا اور قانون کی خلاف ورزی جاری رکھی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر نے غیر قانونی طریقہ اختیار کرتے ہوئے ترکی سے یونان کی سرحد عبور کی اور خطرناک راستوں کے ذریعے اٹلی پہنچنے میں کامیاب ہوا، مسافر نے اٹلی پہنچنے کے بعد پناہ کی درخواست دائر کی اور وطن واپسی پر مبینہ خطرات سے متعلق مؤقف اختیار کیا، ابتدائی طور پر متعلقہ حکام نے عارضی بنیادوں پر قیام کی اجازت دی، تاہم مکمل جانچ پڑتال کے بعد مسافر کی اپیل مسترد کر دی گئی،ایف آئی اے شہریوں کو آگاہ کرتی ہے کہ غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک سفر کی کوششوں سے اجتناب کیا جائے ، کیونکہ ایسے اقدامات نہ صرف خطرناک ہو سکتے ہیں بلکہ ملکی و غیر ملکی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔