اسحاق ڈار کا ایرانی و برطانوی وزرا خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

اسحاق ڈار کا ایرانی و برطانوی وزرا خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

خطے کی صورتحال، امن اور سفارتی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال امن، مذاکرات ،تعمیری سفارت کاری کو فروغ دینگے :نائب وزیراعظم

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران اور برطانیہ کے وزرا ئے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے کی صورتحال، امن اور سفارتی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے خطے اور اس سے باہر دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے پاکستان کے تعمیری  کردار کے عزم کا اعادہ کیا، عباس عراقچی نے امن کے عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

انہوں نے ایرانی عملے کے ارکان اور ماہی گیروں کی محفوظ طریقے سے وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔برطانوی وزیرخارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا پاکستان مذاکرات، باہمی تعاون اور تعمیری سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے ،برطانوی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں