شعیب مرزا کی منتہا کے گھر جا کر تعزیت ، تعاون کی یقین دہانی
بعض شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر گمراہ کن بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں تحقیقات کے دوران مزید چار سے پانچ افراد کی نشاندہی کی گئی،معاونِ خصوصی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں سات سالہ بچی منتہا کے بہیمانہ قتل کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا نے ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف کے ہمراہ مقتولہ کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی شعیب مرزا نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات کے بعد بعض شرپسند عناصر متاثرہ خاندان کے دکھ کو سمجھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر گمراہ کن اطلاعات اور بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں، جس سے نہ صرف تفتیش متاثر ہوتی ہے بلکہ لواحقین کے زخم بھی مزید تازہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کے روز ہی واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ ملزم کسی صورت قانون کی گرفت سے نہ بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او سرگودھا اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کو یقینی بنایا اور حکومت کا واضح پیغام ہے کہ پنجاب میں ایسے درندہ صفت عناصر کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حساس مقدمات میں مکمل تفتیشی معلومات منظرعام پر نہیں لائی جاتیں کیونکہ اس سے نہ صرف تحقیقات متاثر ہو سکتی ہیں بلکہ متاثرہ خاندان کی دل آزاری کا بھی خدشہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ تحقیقات کے دوران مزید چار سے پانچ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔