یورپ: گرمی سے مزید ہلاکتیں ، پیرس کے ہسپتالوں میں گنجائش ختم، ایٹمی ری ایکٹرز بند

 یورپ: گرمی سے مزید ہلاکتیں ، پیرس کے ہسپتالوں میں گنجائش ختم، ایٹمی ری ایکٹرز بند

جرمنی کی تاریخ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 41.5سینٹی گریڈ ، ڈنمارک میں گرمی کا 152 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا کروڑوں افراد کی زندگی مفلوج،فرانس میں 9 روز کے دوران ڈوبنے کے واقعات میں 74 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

 پیرس (نیوز ایجنسیاں )یورپ کے وسیع تر حصے کو اس وقت تاریخ کی بدترین اور شدید ترین گرمی کی لہر کا سامنا ہے ، جس کے باعث کروڑوں افراد کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ فرانس میں گزشتہ9دنوں میں مختلف مقامات پر ڈوبنے کے واقعات میں کم از کم 74 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جرمنی میں درجہ حرارت 41.5سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔یہ جرمنی کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے ۔ ڈنمارک میں شدید ترین گرمی کی لہر کے باعث موسم کا 152 سالہ تاریخی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔ اوڈینس کے شمالی علاقے میں درجہ حرارت 36.6سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جو کہ 1874ء میں باقاعدہ ریکارڈ رکھنے کے آغاز سے لے کر اب تک کا گرم ترین دن ہے ۔ ہفتے کے روز یورپ بھر میں تقریباً 20 کروڑ (200 ملین) افراد کو 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد کے شدید درجہ حرارت کا سامنا رہا۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے ڈپٹی میئر انٹوان ایلیبرٹ نے صورتحال کوصحت کا بڑا بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیرس کے ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہو چکی ہے۔

اسسٹنٹ سٹریچرز راہداریوں میں قطاروں کی صورت میں پڑے ہیں اور ایمرجنسی کالز میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ یہ ایک غیر معمولی اور انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔ فرانس، جرمنی اور نیدرلینڈز میں متعدد سٹریٹ پارٹیز اور میوزک فیسٹیولز منسوخ کر دئیے گئے ہیں، جبکہ پیرس میں سالانہ پرائیڈ مارچ کو بھی روک دیا گیا۔ سوئٹزرلینڈ اور فرانس دونوں نے اپنے ایٹمی ری ایکٹرز کو بند کر دیا ، کیونکہ ان ری ایکٹرز کو ٹھنڈا کرنے کیلئے استعمال ہونے والا پانی قریبی دریاؤں کو حد سے زیادہ گرم کرنے کے خطرے کا باعث بن رہا تھا۔ رومانیہ نے پیر سے بدھ تک پورے ملک میں ریڈ الرٹ نافذ کر دیا ہے ۔ سائنسدانوں نے واضح کیا ہے کہ یہ بار بار آنے والی گرمی کی لہریں عالمی درجہ حرارت اور فوسل فیول (کوئلہ، تیل، گیس) کے بے دریغ استعمال کا براہ راست نتیجہ ہیں، اور مستقبل میں یہ لہریں مزید طویل، شدت اور کثرت سے آئیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں