32سال 86دن کی عمر،دنیا کا معمر ترین پالتو پیراکیٹ
ساؤتھ کیرولائنا (نیٹ نیوز)امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا میں ایک پالتو پیراکیٹ نے غیرمعمولی عمر پا کر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرا لیا۔
‘سپوڈلز’ نامی پرندے کو 32 سال اور 86 دن کی عمر میں دنیا کا معمر ترین زندہ پیراکیٹ قرار دیا گیا حالانکہ قید میں پالے جانے والے پیراکیٹس کی اوسط عمر عموماً 15 سے 20 سال ہوتی ہے ۔اس کے مالک امنڈا بیتھ نے بتایا کہ انہیں یہ پرندہ 1997 میں ان کی والدہ نے تحفے میں دیا تھا اس وقت اس کی عمر تقریباً 3 سال تھی۔ امنڈا نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مذاق میں کہتی ہیں کہ یہ مرنے کا نام ہی نہیں لیتا، اس لیے وہ اسے کھانا کھلاتی رہتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ سپوڈلز پہلے کی طرح زیادہ باتیں نہیں کرتا لیکن آج بھی ہر صبح ‘پریٹی برڈ’ کہہ کر دن کا آغاز کرتا ہے ۔