کالعدم ایکشن کمیٹی کا مالیاتی نیٹ ورک بے نقاب، متعدد گرفتار

کالعدم ایکشن کمیٹی کا مالیاتی نیٹ ورک بے نقاب، متعدد گرفتار

حمزہ نے فنڈز اکٹھے کر کے راولاکوٹ بھجوانے کی ہدایت کی ،مہتاب، رضوان کا اعتراف کالعدم کمیٹی کے سرغنہ حمزہ کے والد اور دیگر سہولت کاروں کا تنظیم سے اعلان لاتعلقی

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ) بیرونی ایما پر آزادکشمیر کے امن کے درپے کالعدم ایکشن کمیٹی کی اصلیت ہر گزرتے دن کے ساتھ کھل کر سامنے آنے لگی۔کالعدم ایکشن کمیٹی کا مالیاتی نیٹ ورک لوگوں کو ہراساں کرکے پیسے اکٹھے کرنے میں ملوث تھا، اس گروہ کے ذریعے بیرون ملک سے بھی پیسے منگوائے جا رہے تھے ۔کالعدم ایکشن کمیٹی کا مالیاتی نیٹ ورک راولاکوٹ دھرنے اور پر تشدد کارروائیوں کیلئے مالی معاونت کا کام بھی کر رہا تھا، پولیس نے کالعدم کمیٹی کے مالیاتی نیٹ ورک گروہ کے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ کالعدم کمیٹی کے گرفتار سہولت کار مہتاب احمد نے اعتراف کیا کہ کالعدم کمیٹی کے سرغنہ حمزہ نے فون کر کے مجھے مختلف افراد سے فنڈز اکٹھے کر کے راولاکوٹ بھجوانے کی ہدایات کی تھی اور آزاد کشمیر پولیس نے راولاکوٹ فنڈز لے جاتے ہوئے مجھے گرفتار کیا۔

گرفتار سہولت کار رضوان نے کہا کہ سرغنہ حمزہ نے مجھے مختلف لوگوں سے پیسے لے کر مہتاب کے حوالے کرنے کا کہا تھا،کالعدم کمیٹی کے سرغنہ حمزہ کے والد نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے راولاکوٹ کیلئے مجھ سے پیسے منگوائے تھے ، میرا آج کے بعد ایکشن کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ۔ انتشاری کمیٹی کے نیٹ ورک کیلئے کام کرنے والے کئی عناصر نے کالعدم تنظیم سے مکمل اعلان لاتعلقی کیا ہے ۔ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر کے معصوم شہریوں سے بھتے کی شکل میں شرپسندی پھیلانے کیلئے پیسہ وصول کرنے والی انتشاری کمیٹی ان کے حقوق کی محافظ نہیں ہو سکتی،عوامی حقوق، سستے آٹے اور سستی بجلی کے نام پر شروع ہونے والی یہ تحریک اب خالصتاً شرپسندی، مسلح تصادم اور ملک دشمن ایجنڈے کی آلہ کار بن چکی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں