ہولی فیملی ہسپتال کی 5خواتین آفیسرز اورنرسوں کو شو کاز جاری

ہولی فیملی ہسپتال کی 5خواتین آفیسرز اورنرسوں کو شو کاز جاری

فرائض میں غفلت پرایڈہاک ایم او مریم ، سینئر رجسٹرار زینب کو توسیع نہ دینے کی سفارش نرسز حمیرہ ، افشاں ، مہوش کی 3انکریمنٹس روکنے کی ہدایت ،7دنوں میں جواب طلب

راولپنڈی (خاورنوازراجہ) حکومت پنجاب کے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کی 5خواتین افسر وں و ملازمین کو پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (پیڈا) ایکٹ 2006 کے تحت شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات یوم کے اندر تحریری جواب طلب کرلیا۔ نوٹس میں انکوائری رپورٹ کے مطابق غفلت، پیشہ ورانہ اور نگران ذمہ داریوں میں کوتاہی کے الزامات ثابت ہونے پر مختلف سزاؤں کی سفارش کی گئی ہے ۔ چارج نرس حمیرہ پروین، سٹاف نرس افشاں ارم اور سٹاف نرس مہوش طارق کی تین سالانہ انکریمنٹس روکنے کی سفارش کی گئی ہے ۔اسی طرح ویمن میڈیکل آفیسر (ایڈہاک) ڈاکٹر مریم مشتاق کی ایڈہاک تقرری موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد انہیں مزید توسیع نہ دینے اور سینئر رجسٹرار (ایڈہاک) ڈاکٹر زینب مقصود کو بھی ایڈہاک تقرری کی مدت ختم ہونے کے بعد توسیع نہ دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔ انہیں تحریری جواب جمع کرانے اور مقررہ تاریخ پر ذاتی سماعت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں