ہائیکورٹ:عمران خان کی قید تنہائی کیخلاف درخواست دائر
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید تنہائی کے خلاف علیمہ خانم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے علیمہ خانم کی جانب سے درخواست دائر کی، جس میں سپرنٹنڈنٹ جیل ، آئی جی جیل خانہ جات ، چیئرمین نیب ، ڈی جی ایف آئی اے اور پمز کے ایم ایس کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا ہے کہ 8 اپریل کی وکیل کی میٹنگ میں سامنے آیا کہ بانی کو 22 گھنٹے ، بشریٰ کو 24 گھنٹے قید تنہائی میں رکھا جاتا ہے ،پچھلے 6ماہ سے بانی کے ساتھ فیملی یا پارٹی میں سے کسی کی ملاقات نہیں کرائی گئی،بانی کو قید تنہائی میں رکھنے کا ذکر کسی فیصلے میں موجود نہیں،میرے بھائی کو قید تنہائی میں رکھ کر ایک غیر انسانی رویہ روا رکھا جا رہا ہے ،بانی نے وکیل کے ساتھ میٹنگ میں بتایا تھا کہ ان کی آنکھ 85 فیصد متاثر ہوئی ،قید تنہائی میں رکھنا ایک سخت ترین سزا ہے ،بانی کی سزا میں قید تنہائی نہیں ہے ،بانی کو قید تنہائی میں رکھنا غیر قانونی قرار دیا جائے ۔یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کی بیٹی کی جانب سے بھی بشریٰ کی قید تنہائی کے خلاف درخواست دائر ہو چکی ہے ۔