پٹرولیم قیمتوں میں کمی نہ کرنا معاشی نااہلی:پی ٹی آئی
حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، آئل ٹینکرز، بڑے ڈیلرز کے مفادات کو ترجیح دی یہ عوام دشمن پالیسیوں،بااثر مفاداتی گروہوں کے سامنے بے بسی کا واضح ثبوت :بیان
اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا معاشی نااہلی، عوام دشمن پالیسیوں اور بااثر مفاداتی گروہوں کے سامنے بے بسی کا واضح ثبوت ہے ۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، آئل ٹینکرز اور بڑے ڈیلرز کے مفادات کو ترجیح دی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومتی معاشی ترجیحات عوامی فلاح کے بجائے مخصوص کاروباری حلقوں کے مفادات کا تحفظ ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ عوام اور طاقتور لابیوں کے درمیان انتخاب کی صورت میں اس کا جھکا ؤہمیشہ بااثر طبقوں کی طرف ہوتا ہے ۔
عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو اس کا فائدہ نہ پہنچانا معاشی انصاف کے اصولوں کے منافی ہے ۔پی ٹی آئی نے حکومت کے اس مؤقف پر بھی تنقید کی کہ اس کی معاشی پالیسیاں عوامی فلاح کے لیے ہیں اور کہا کہ بجلی، گیس، پٹرول، اشیائے ضروریہ اور ٹیکسوں کی مد میں عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے جبکہ ریلیف دینے کے مواقع پر مختلف جواز پیش کیے جاتے ہیں۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے اور حکومت واضح کرے کہ عالمی قیمتوں میں کمی سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ کہاں استعمال کیا جا رہا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مقررہ نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے ۔