جائیداد منجمد کیس کی سماعت ملتوی

جائیداد منجمد کیس کی سماعت ملتوی

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے مونس الٰہی کی جائیداد منجمد کرنے اور اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی، درخواست مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر کی گئی، سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سینئر وکیل اسلام آباد میں مصروف ہیں، اس لیے سماعت ملتوی کی جائے ۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وکیل سے کہا کہ آپ یہاں کس انداز میں کھڑے ہیں؟ کیا پکنک پر آئے ہیں یا ریسٹ کرنے آئے ہیں؟ ۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ اپنے دلائل کا آغاز کریں، فائل کے مطابق آپ بھی سینئر ہیں۔ عدالت نے عامر سعید راں کی مصروفیت سے متعلق کاز لسٹ طلب کی، جس پر بتایا گیا کہ عامر سعید راں پاکستان بار کونسل میں مصروف ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ تو بہت غلط بات ہے ، بار کے معاملات کی وجہ سے عدالتی کارروائی کیسے رکے گی؟ ۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار اس کیس میں ملزم ہے ؟۔ وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار ملزم کی والدہ ہیں۔ عدالت نے مزید ریمارکس د ئیے کیا درخواست گزار اشتہاری ملزم کی جگہ پر درخواست دائر کر سکتی ہیں ؟ ۔اشتہاری ملزم کے حقوق سے متعلق سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں، آپ بتا دیں آج تک کسی اشتہاری ملزم کو یہ سہولت ملی ہے جو آپ مانگ رہے ہیں؟ ۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس میں سینئر وکیل ہی دلائل دیں گے ۔ عدالت نے وکیل کی استدعا پر درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں