پنجاب:دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع، ڈرون اُڑانے پر پابندی برقرار
لاہور(این این آئی)پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کر دی گئی جس کے تحت صوبہ بھر کی کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر مکمل پابندی برقرار ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے تحت آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 روز کی توسیع کر دی ہے ،حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی، ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہے ، اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے ۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6)کے تحت لگائی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے ، پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔