آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کا فیصلہ معطل
چیف جسٹس سعید اکرم راجہ کی سربراہی میں فل بینچ تشکیل، 2جولائی کو سماعت ہوگی آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کو رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا
مظفر آباد (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کرنے کا ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی درخواست پر آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس سعید اکرم راجہ کی سربراہی میں فل بینچ تشکیل دے دیا گیا، 2 جولائی کو سماعت ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے درخواست میں استدعا سے بڑھ کر ریلیف فراہم کیا، اس لیے فیصلہ کالعدم قرار دیا جانا چاہئے ۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کو رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے فیصلہ سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں چیلنج کر دیا۔ سپریم کورٹ کے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کے بعد فی الحال پی ٹی آئی کو انتخابی نشان ‘بلا’ حاصل نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے انتخابی عمل کا راستہ ہموار ہوا ہے ، عدالتِ عظمیٰ نے پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کیلئے مختص 12 اسمبلی نشستوں کو برقرار رکھا جس کے بعد انتخابات کے انعقاد میں موجود ایک اہم آئینی رکاوٹ دور ہو گئی۔