فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ آج سماعت،بجلی مہنگی ہونیکا امکان

 فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ آج سماعت،بجلی مہنگی ہونیکا امکان

نیپرا کی منظوری پر بجلی 82پیسے مہنگی ، صارفین پر 12 ارب کا اضافی بوجھ پڑیگا

کراچی ،اسلام آباد(این این آئی)سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )نے مئی 2026 کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)میں جمع کرا دی، درخواست پر آج منگل کو سماعت ہو گی ،کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے ایک بار پھر بجلی مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق پیش کردہ اعداد و شمار اور پیداواری لاگت کا جائزہ لینے کے بعد نیپرا حتمی فیصلہ جاری کرے گا اور درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے ۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2026 کے دوران مجموعی طور پر 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، اس عرصے میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ ریفرنس فیول لاگت 8 روپے 43 پیسے یونٹ مقرر تھی، جس کے باعث 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی ضرورت پیش آئی۔ نیپرا کی منظوری کی صورت میں اضافی وصولی آئندہ بجلی کے بلوں میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں