سندھ طاس معاہدہ اب عالمی معاملہ بن چکا:جوہر سلیم
بین الاقوامی سیمینار بلانے میں ہم نے کچھ تاخیر کر دی :سابق سفیر سیلابی پانی استعما ل میں لانا ہوگا: ”دنیا مہر بخاری کیساتھ “میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے سابق سفیر جوہر سلیم نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی سیمینار بلانے میں ہم نے کچھ تاخیر کر دی ، سندھ طاس معاہدہ پاکستان کا یکطرفہ معاملہ نہیں بلکہ اب تو انٹرنیشنل معاملہ بن گیا ۔دنیا نیوز کے پروگرام”دنیا مہر بخاری کیساتھ “میں گفتگو کرتے ہوئے جوہر سلیم نے مزید کہا کہ اس اجلاس سے بھارت کیلئے پیغام بڑا واضح ہے ،سندھ طاس معاہدہ دونوں ملکوں نے آزادنہ طور پر کیا تھا اور ورلڈ بینک بھی اس میں شامل تھا ، اس وجہ سے انٹرنیشنل قوانین اس پر لاگو ہوتے ہیں ۔سابق سفیر نے کہا کہ دریاؤں کے پانی کی شیئرنگ تو پوری دنیا کا معاملہ ہے ، ایسا ممکن نہیں کہ کوئی ملک اپنے مفادات کی خاطر معاہدے سے پھر جائے ، ہمیں اپنے طور پربھی ڈیم سٹوریج کو بہتر بنانا ، سیلاب کے پانی کو استعما ل میں لانا ہوگا، اب بھی پاکستان 60 فیصد پانی آبپاشی میں استعمال کرتا ہے ، اس تمام کا یہ مطلب نہیں بھارت ہمارا حق سلب کر لے ، ہم اپنا حق بھی لیں گے اور ہائیڈرو پاور کپیسٹی بھی بڑھائیں گے ، دنیا آج اس جانب جا رہی ہم نے 60 سال قبل اس کا فیصلہ کیا تھا ،ہم سے غلطی یہ ہوئی ہم بہت جلد تھرمل انرجی کی طرف چلے گئے۔