داسو ڈیم منصوبے میں آر سی سی ٹرائل شروع کردیاگیا
فل سکیل آر سی سی ٹرائل چار ماہ جاری، کامیابی کے بعد مین ڈیم کی تعمیر شروع ہوگی پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر قومی گرڈ کو سالانہ بارہ ارب یونٹ پن بجلی فراہم کی جا سکے گی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے قومی اہمیت کا ایک اور اہم تعمیراتی ہدف حاصل کر لیا ۔پراجیکٹ پر فل سکیل رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (آر سی سی) ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ۔ فل سکیل ٹرائل مین ڈیم پر آر سی سی تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل ایک لازمی مرحلہ ہے ۔مین ڈیم سائٹ کے قریب قائم ٹرائل سیکشن میں فل سکیل کنکریٹنگ کی مشقیں جاری ہیں جبکہ فل سکیل آر سی سی ٹرائل چار ماہ تک جاری رہے گا۔ انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی ٹیمیں ٹرائل کے تمام تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔ٹرائل کی کامیاب تکمیل کے بعد مین ڈیم پر آر سی سی ورکس کا باقاعدہ آغاز رواں سال کے آخر میں شیڈول ہے تاہم آر سی سی ورکس کا آغاز گنی ایریا سے درکار پوزولان میٹریل کی دستیابی سے مشروط ہے ۔ گزشتہ دس برس کی کوششوں کے باوجود گنی ایریا کی تحویل واپڈا کو نہیں مل سکی۔داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے 23 مختلف ورک فرنٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں بیک وقت جاری ہیں۔ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 320 میگاواٹ ہے اور یہ دو مراحل میں مکمل ہوگا جبکہ ہر مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160 میگاواٹ ہے ۔پراجیکٹ کے پہلے مرحلے پر تعمیراتی کام جاری ہے ۔ پہلے مرحلے کی تکمیل پر قومی گرڈ کو ہر سال 12 ارب یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی فراہم کی جا سکے گی۔