بین المذاہب ہم آہنگی کافروغ،اقوام متحدہ اورپاکستان میں اتفاق

بین المذاہب ہم آہنگی کافروغ،اقوام متحدہ اورپاکستان میں اتفاق

ہمارا آئین اقلیتی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا،بھارت میں نہیں:سرداریوسف نیوزی لینڈ کی مسجد پر دہشتگرد حملہ اسلاموفوبیا کی بدترین مثال تھا :ایلچی اقوام متحدہ

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف سے اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں (UNAOC) کے خصوصی ایلچی برائے انسداد اسلاموفوبیا میگوئیل اینجل موراتینوس نے ملاقات کی، جس میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحانات، مذہبی عدم برداشت، بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مذہبی رواداری، سماجی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف مذاہب و تہذیبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا، سردار یوسف نے کہاپاکستان کا آئین،اسلامی تعلیمات اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات اقلیتوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔ انہوں نے بھارت میں غیر ہندو اقلیتوں کی ابتر صورتحال اور مذہبی آزادی پر عائد پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی میگوئیل اینجل موراتینوس نے کہا دنیا بھر میں مذہب اور تہذیب کی بنیاد پر نفرت، انتہا پسندی اور جنگی رجحانات کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی مسجد پر دہشت گرد حملہ اسلاموفوبیا کی بدترین مثال تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں