ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری ،انٹرویوز کیلئے کمیٹیاں تشکیل

ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری ،انٹرویوز کیلئے کمیٹیاں تشکیل

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سینئر ہونے کے باعث تمام کمیٹیوں میں شامل جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس عامر فاروق دو دو کمیٹیوں کی سربراہی کرینگے

لاہور (محمد اشفاق )چیف جسٹس پاکستان کی منظوری سے ملک کی تمام ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی خاطر امیدواروں کے انٹرویوز کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سینئر ہونے کے باعث تمام کمیٹیوں کی رکن ہوں گی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کیلئے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو انٹرویو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور احسن بھون کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کیلئے بھی جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کمیٹی میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور احسن بھون شامل ہیں۔سندھ ہائی کورٹ کیلئے انٹرویو کمیٹی کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور احسن بھون کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔اسی طرح بلوچستان ہائی کورٹ کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے چیئرمین بھی جسٹس عامر فاروق ہوں گے ۔ کمیٹی میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق نائیک، سینیٹر علی ظفر اور احسن بھون بطور ارکان شامل ہوں گے ۔ یہ کمیٹیاں امیدواروں کے انٹرویوز لے کر اپنی سفارشات متعلقہ فورم کو ارسال کریں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں