ٹیکسی ڈرائیور کی ایئرپورٹ انٹری پاس اور سٹیکر بحالی کی درخواست مسترد

ٹیکسی ڈرائیور کی ایئرپورٹ انٹری پاس اور سٹیکر بحالی کی درخواست مسترد

ایئرپورٹ منیجر نے درخواست گزار کا مجموعی ریکارڈ مد نظر رکھ کر فیصلہ کیا:لاہور ہائیکورٹ حساس علاقے میں داخلے کی اجازت کسی شخص کا مستقل یا قانونی حق نہیں :جسٹس راحیل

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرانٹری پاس اور ٹیکسی سٹیکر کی بحالی کیلئے ڈرائیور کی آئینی درخواست مسترد کردی۔ جسٹس راحیل کامران نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے اللہ بخش و دیگر کی درخواست مسترد کر دی اور قرار دیا کہ درخواست گزار کے خلاف مسافروں سے بدسلوکی، ایئرپورٹ نظم و ضبط کی خلاف ورزی، مختلف شکایات، اے ایس ایف کی رپورٹس اور دیگرمجموعی ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئرپورٹ منیجر نے درخواست گزار کا انٹری پاس اور ٹیکسی سٹیکر بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ عدالت عالیہ نے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ایئرپورٹ کے محدود اور حساس علاقے میں داخلے کی اجازت کسی بھی شخص کا مستقل یا قانونی حق نہیں ، یہ ایک ضابطہ جاتی اجازت ہے ، جسے ایئرپورٹ انتظامیہ قانون کے مطابق جاری، معطل یا منسوخ کرنے کا اختیار رکھتی ہے ۔عدالت نے آئینی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کو ٹیکسی کا کاروبار کرنے سے نہیں روکا گیا، درخواست گزار کو صرف ایئرپورٹ کے حساس اور محدود علاقے تک رسائی کی اجازت نہیں دی گئی ، اگر مستقبل میں درخواست گزار قانون کے مطابق دوبارہ درخواست دینا چاہے تو یہ فیصلہ اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں