ٹریفک چالان ویڈیو،تصاویر سمیت مکمل ثبوت کیساتھ جاری ہوگا،نیا نظام نافذ
شہریوں کو ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، ثبوت کا لنک بھی موجود ہوگا مقصد چالاننگ میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنانا :ترجمان ٹریفک پولیس ،عوام دوست خدمات موثربنارہے ہیں :ڈی آئی جی
لاہور (کرائم رپورٹر،دنیا نیوز)پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں شواہد پر مبنی جدید ٹریفک چالاننگ نظام کا باقاعدہ نفاذ کر دیاہے ، جس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان ویڈیو اور تصاویر سمیت مکمل ثبوت کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں خلاف ورزی کے ثبوت کا لنک بھی موجود ہوگا، شہری اس لنک کے ذریعے اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر دیکھ سکیں گے ۔ صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے شواہد کے ساتھ چالان جاری کئے جائیں گے ، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر نافذ کیے گئے اس نظام کا مقصد چالاننگ کے عمل میں شفافیت، انصاف اور سہولت کو یقینی بنانا ہے ۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے مطابق شواہد پر مبنی چالاننگ نظام سے شہریوں اور ٹریفک پولیس کے درمیان غیر ضروری بحث و تکرار میں کمی آئے گی، دونوں کے وقت کی بچت ہوگی، جبکہ چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف مو ثر اور ثبوت پر مبنی قانونی کارروائی بھی ممکن ہوگی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک پولیس کی عوام دوست خدمات کو مزید مو ثر بنایا جا رہا ہے اور فوری، شفاف اور منصفانہ انصاف ہی ایک ترقی یافتہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہے ۔