پاکستان کا تجارتی خسارہ 39.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا:ایس ایم تنویر
برآمدات میں 6 فیصد کمی ملکی معیشت کے لیے تشویشناک صورتحال:رہنما یو بی جی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے رہنما اور معروف صنعتکار ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 39 اعشاریہ 5 ارب ڈالر کی تشویشناک سطح پر پہنچ گیا ہے ، جو گزشتہ چار برس کی بلند ترین سطح ہے ۔ مالی سال کے دوران درآمدات میں 8 فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 6 فیصد کمی ملکی معیشت کے لیے تشویشناک صورتحال ہے ۔ قرض یا ترسیلاتِ زر کے سہارے معاشی خودمختاری حاصل نہیں کی جا سکتی، بلکہ پائیدار معاشی استحکام صرف برآمدات میں اضافے سے ممکن ہے ۔ توانائی کی بلند لاگت پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں غیر مسابقتی بنا رہی ہے ، اس لیے حکومت فوری طور پر علاقائی ممالک کے برابر مسابقتی بجلی کا ٹیرف نافذ کرے تاکہ ملکی برآمدات کو فروغ مل سکے ۔ بلند شرح سود نے صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے ، صنعتکار مزید قرض لینے کے متحمل نہیں رہے ، لہٰذا سٹیٹ بینک کو پالیسی ریٹ میں کمی کرنی چاہیے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو سہارا مل سکے ۔