NDMA ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس، مون سون خطرات کا جائزہ
احسن اقبال کی ویڈیو لنک صدارت،چیف سیکرٹریز کو بطورارکان شامل کرنیکی منظوری شرکا ء کا بارشوں میں جان و مال کے تحفظ اور نقصان میں کمی کو یقینی بنانے کا عزم
اسلام آباد(دنیا نیوز)ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا پہلا اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں ہوا ،جس میں مون سون 2026کے دوران ممکنہ خطرات، قومی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصّدق ملک، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ وفاقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔شرکا کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے فرائض انجام دے گی۔اجلاس میں مون سون کے دوران وفاق، صوبوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور فوری ردعمل کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو کمیٹی میں بطور شریک اراکین شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔مزید برآں مون سون کے زرعی پیداوار، آبی ذخائر اور قومی انفراسٹرکچر پر ممکنہ اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عزم کیا گیا کہ مربوط قومی حکمت عملی کے ذریعے مون سون کے دوران جان و مال کے تحفظ اور نقصان میں کمی کو یقینی بنایا جائے گا۔