امن کیخلاف ہر سازش ناکام بنانامشترکہ ذمہ داری : راجہ پرویز

 امن کیخلاف ہر سازش ناکام بنانامشترکہ ذمہ داری : راجہ پرویز

بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑیگی آزاد کشمیر میں شفاف الیکشن ہی مسائل کے حل کی بنیاد بن سکتے :پریس کانفرنس

لاہور(سپیشل رپورٹر،اے پی پی )پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، بھارت 10 مئی کی شکست کا بدلہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر کے لینا چاہتا ہے ، اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی،ایران امریکا جنگ بندی کی کوششوں میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا کلیدی حصہ رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سید حسن مرتضیٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر شہزاد سعید چیمہ، رانا فاروق سعید، فیصل میر، نیلم جبار، نرگس فیض ملک، ندیم اصغر کائرہ، راؤ بابر جمیل,ذیشان شامی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں شفاف وغیر جانبدارانہ انتخابات ہی مسائل کے حل کی بنیاد بن سکتے ہیں ،مہاجرین کی نشستوں کے معاملہ پر نئی قانون ساز اسمبلی فیصلہ کرے گی، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو جامع سیاسی مکالمے کی ضرورت ہے ،تحریک انصاف کی قیادت اور کارکن مذاکرات اور سیاسی مکالمے کا راستہ بند نہ کریں۔راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ 25 جولائی کو مینار پاکستان میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں ،امید ہے بلدیاتی نظام کے ثمرات پنجاب کے عوام تک بھی پہنچیں گے ۔ انہوں نے غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا وزیادتی کے مقدمے میں شفاف اور بلاامتیاز انصاف فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں