پی این ایس سی بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر مقررکرنے کی منظوری

پی این ایس سی بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر مقررکرنے کی منظوری

کابینہ کمیٹی اجلاس میں پی پی ایل ،ایس ایم ایل بورڈآف ڈائریکٹرزکی تشکیل پرغور سرکاری اداروں کو عالمی مالیاتی رپورٹنگ معیار سے استثنا کی تجویز پر فیصلہ موخر

اسلام آباد (اے پی پی)سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی)کے بورڈ میں خالی اسامی پر ایک آزاد ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری دے دی۔ اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)اور سیندک میٹلز لمیٹڈ (ایس ایم ایل)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل سے متعلق سمریوں پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے زور دیا کہ تمام سرکاری ملکیتی اداروں کے بورڈز کی تشکیل اچھی طرز حکمرانی کے اصولوں اور اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز اونرشپ اینڈ مینجمنٹ ایکٹ کے مطابق ہونی چاہئے جبکہ ہر بورڈ میں متعلقہ سپانسرنگ وزارت یا ڈویژن کی نمائندگی صرف ایک بلحاظ عہد ڈائریکٹر  تک محدود رکھی جائے۔

کمیٹی نے توانائی کے شعبے کے بعض سرکاری اداروں کو بین الاقوامی مالیاتی رپورٹنگ معیارات (آئی ایف آر ایس 9 اور آئی ایف آر ایس 14) سے استثنا دینے کی تجویز پر فیصلہ مو خر کرتے ہوئے مزید مشاورت کے بعد نظرثانی شدہ سمری دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی درجہ بندی سے متعلق سمری بھی زیر غور آئی۔ کمیٹی نے سمیڈا کی قانونی اور غیر تجارتی نوعیت کے پیش نظر اسے سرکاری ملکیتی اداروں کی فہرست سے خارج کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں