بلیک میلنگ کیس:ناقص تفتیش پر سی پی او فیصل آباد طلب
سنگین الزامات کے باوجود فرانزک تجزیہ کیوں نہیں کرایا گیا ؟:لاہور ہائیکورٹ اصل ملزم کو بچانے کیلئے ہم نام ہونے کی بنیاد پر مقدمے میں پھنسایا گیا:درخواستگزار
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے نازیبا ویڈیو کے ذریعے خاتون کو بلیک میل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم عثمان عرف کاکا کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ناقص تفتیش پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سی پی او فیصل آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر عدالت پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ اتنے حساس نوعیت کے مقدمے میں مؤثر تفتیش کی گئی نہ ہی فرانزک شواہد اکٹھے کئے گئے ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ایسے سنگین الزامات کے باوجود فرانزک تجزیہ کیوں نہیں کرایا گیا ، تفتیش میں بنیادی تقاضے کیوں پورے نہیں کئے گئے ۔ملزم عثمان عرف کاکا کی جانب سے وکیل عرفان کلار نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کا وقوعہ سے کوئی تعلق نہیں ، اصل ملزم کو بچانے کے لیے صرف ہم نام ہونے کی بنیاد پر اسے مقدمے میں ملوث کر دیا گیا ،استغاثہ کے پاس درخواست گزار کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں۔وکیلِ صفائی نے استدعا کی کہ درخواست گزار کو بلاجواز مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے ، لہٰذا عدالت اس کی درخواستِ ضمانت منظور کرے ۔عدالت نے ناقص تفتیش اور تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر سی پی او فیصل آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔