مریم خان کا تبادلہ ، نعمان یوسف کمشنر لاہور تعینات
چیف لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا کو ڈپٹی کمشنر میانوالی لگادیاگیا شاہد عمران ایڈیشنل سیکرٹری انرجی اوررانا عدیل تصور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ تعینات ریونیو نظام میں بہتری کیلئے ضلع لاہور کے آٹھ پٹواریوں کے تبادلوں کا حکم جاری
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے بڑے پیمانے پر انتظامی تبادلے کرتے ہوئے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے سپیشل سیکرٹری نعمان یوسف کو کمشنر لاہور تعینات کر دیا جبکہ کمشنر لاہور مریم خان کا تبادلہ کرکے انہیں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کیلئے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے حکم پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نعمان یوسف اس سے قبل سپیشل سیکرٹری بجٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ، لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف آفیسر شاہد عباس کاٹھیا کو ڈپٹی کمشنر میانوالی تعینات کر دیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر میانوالی محمد اسد عباس مگسی کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کو ایڈیشنل سیکرٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ تعینات کیا گیا ہے جبکہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری رانا عدیل تصور کو نیا ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ مقرر کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز نے ریونیو نظام میں بہتری کیلئے ضلع کے آٹھ پٹواریوں کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر، کینٹ، شالیمار اور علامہ اقبال تحصیلوں سے متعدد پٹواریوں کو اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کے ماتحت نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ تمام تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔