پٹرول کی قیمتوں کیخلاف بڑے احتجاج کی کال دینگے ،حافظ نعیم

 پٹرول کی قیمتوں کیخلاف بڑے احتجاج کی کال دینگے ،حافظ نعیم

قیمت 225روپے لٹر کریں ورنہ ملک گیر تحریک مزید تیز کی جائے گی مختلف حکومتوں نے آئی پی پیز کے ساتھ مہنگی بجلی معاہدے کئے

بہاولنگر (مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمت 225 روپے لٹر سے کم اور پٹرولیم لیوی ختم کی جائے بصورت دیگر ملک گیر احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔بہاولنگر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پٹرول کی قیمتوں کے خلاف بڑے احتجاج کی کال دی جائے گی اور قیمتوں میں کمی آنے تک احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے نوجوانوں سے بھی احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آئی پی پیز مافیا کو نوازا، جس کے نتیجے میں بجلی مہنگی ہوئی، ان کے بقول ن لیگ، پیپلز پارٹی سمیت مختلف حکومتوں نے آئی پی پیز کو فروغ دیا اور مہنگی بجلی خریدنے کے معاہدے کئے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں 49 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، جبکہ کھپت 24 ہزار میگاواٹ ہے ، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث بجلی کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی، تاہم اب پٹرول کی قیمت کم کرنے اور آئی پی پیز مافیا کو لگام دینے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں