آئینی عدالت:حارث سٹیل مل ریفرنس ختم کرنے کیخلاف نیب کو نوٹس

آئینی عدالت:حارث سٹیل مل ریفرنس ختم کرنے کیخلاف نیب کو نوٹس

فریقین کو آئندہ سماعت تک سٹیٹس کو کی ہدایت، مزید سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد ایرانی ڈیزل سمگلنگ کیس میں کسٹمز کی مال مقدمہ واپسی پر حکم امتناع کی استدعا مسترد

 اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت نے حارث سٹیل مل ریفرنس ختم کرنے کے خلاف دائر درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت تک سٹیٹس کو برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی، مزید سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد ہوگی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ بینک کے وکیل خواجہ حارث نے کہا مقدمہ میں جعلی دستاویزات اور جعلی شناختی کارڈز کی بنیاد پر قرض حاصل کیا گیا جو فراڈ کی سنگین مثال ہے ۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا اس وقت دستاویزات کو کراس چیک نہیں کیا جاتا تھا؟ پہلے احتیاط نہیں کی جاتی وقوعہ ہونے کے بعد جاگتے ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا مقدمہ ختم ہونے کے بعد بینک گارنٹی واپس لینے کا عمل شروع ہو چکا ہے عدالت حتمی فیصلے تک حکم امتناع جاری کرے ۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ مقدمے میں بنیادی قانونی نکتہ یہ ہے کہ آیا نیب کے ریفرنس ختم کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔ عدالت کو یہ طے کرنا ہے کہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں۔

دریں اثنا ایرانی ڈیزل سمگلنگ سے متعلق ایف آئی آر کالعدم قرار دینے کے خلاف کسٹمز کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مال مقدمہ واپس کرنے پر حکمِ امتناع جاری کرنے کی کسٹمز کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی آر صرف بدنیتی ثابت ہونے پر خارج کی جا سکتی ہے ، اس مقدمے میں بدنیتی کہاں ثابت ہوتی ہے ۔ عدالت نے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ وفاقی آئینی عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے کمیشن کے خلاف انکوائری، امتحانات میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز روکنے اور ناکام امیدواروں کے پرچے دوبارہ چیک کرنے کے احکامات معطل کر دیئے اور مزید سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...