پاکستان یو این انسانی امدادی مشن کی حمایت جاری رکھے گا : اسحاق ڈار
اسلام آباد(وقائع نگار، نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکر ٹر ی جنرل برائے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈی نیٹر ٹام فلیچر نے ملاقات کی، ملاقات میں عالمی انسانی امدادی سرگرمیوں، موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ادارے او سی ایچ اے کی دنیا بھر میں قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور تنازعات کے دوران انسانی امداد کی فراہمی میں خدمات کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اہم انسانی امدادی مشن کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا ۔ ٹام فلیچر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار آج سے چین کے شہر شنگھائی کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے ، جہاں وہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام کی تقریب میں شرکت کریں گے ، وزیر خارجہ بانی رکن کی حیثیت سے WAICO کے قیام کے معاہدے پر دستخط کریں گے ،اس موقع پر ان کی چینی ہم منصب سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں ، مزید برآں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیکبایف نے ملاقات کی جس میں تنظیم کی ترجیحات، علاقائی تعاون اور آئندہ اجلاسوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط (کنکٹیویٹی) اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تعمیری گفتگو کی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments