گلگت بلتستان اسمبلی : پاکستان کا صوبہ بنانیکی قرار داد منظور
عبوری صوبہ کی حیثیت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف متاثر نہیں کریگی،تمام ارکان نے حمایت کی وفاقی حکومت کو آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات شروع ، این ایف سی ایوارڈ دینے کی بھی سفارش
گلگت،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان اسمبلی نے گلگت بلتستان کو عبوری طور پر پاکستان کا صوبہ بنانے کی متفقہ قرارداد منظور کر لی ،اسمبلی کے اجلاس میں جی بی کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی قرارداد جلال شاہ نے پیش کی جس کی تمام ارکان نے حمایت کی۔ قرارداد میں گلگت بلتستان کو پاکستان کے آئین میں ترمیم کر کے عبوری طور پر پاکستان کا صوبہ بنانے اور دیگر صوبوں کی طرح این ایف سی ایوارڈ میں حصہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کاگزشتہ روز ڈپٹی سپیکر ملک کفایت الرحمن کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن اسمبلی سید جلال شاہ نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے سے متعلق مشترکہ قرارداد پیش کی جس پر حکومتی اور اپوزیشن کے متعدداراکین کے دستخط تھے۔
قرارداد میں گلگت بلتستان کو آئینی ترمیم کے ذریعے عبوری صوبہ بنانے ، پاکستان کے دیگر صوبوں کے مساوی آئینی، سیاسی اور جمہوری حقوق فراہم کرنے اور قومی سطح پر مؤثر نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ عبوری صوبائی حیثیت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو متاثر نہیں کرے گی اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے متصادم ہوگی۔قرارداد میں وفاقی حکومت کو آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات شروع کرنے اورگلگت بلتستان کیلئے این ایف سی ایوارڈ کی سفارش بھی کی گئی ۔علاوہ ازیں قرارداد میں گلگت بلتستان کے عوام کی قومی وسائل میں منصفانہ حصہ داری کی حمایت بھی کی گئی ۔ایوان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے سے متعلق مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments