مفاہمتی کوششیں کسی منفی مہم سے متاثر نہیں ہونگی :سید قمر رضا
میں نے کسی تیسرے فریق کی نہیں اپنے لوگوں ،اپنے ادارے کی نمائندگی کی کمیٹی کا پریس ریلیز حقائق کو قیاس آرائیوں کی بنیاد پر مسخ کر رہا ، چیئرمین او پی ایف
اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی کا پریس ریلیز حقائق کو قیاس آرائیوں کی بنیاد پر مسخ کر رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمیٹی سے رابطے کا مقصد خالصتاً ذاتی خواہش کے تحت مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنا تھا نہ کہ کسی سیاسی یا دیگر مفاد کا حصول ،انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن، مفاہمت اور عوامی فلاح کے لئے میری کوششیں کسی منفی مہم یا بے بنیاد پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہوں گی۔
سید قمر رضا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے تحفظات کا ازالہ ان کی اولین ذمہ داری ہے ، اسی جذبے کے تحت انہوں نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے رابطہ کیا تاکہ انہیں تشدد سے باز رہنے اور مذاکرات و مفاہمت کا راستہ اختیار کرنے پر آمادہ کیا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے بیشتر افراد نے پرامن حل کی تجویز پر منطقی اور مثبت ردعمل دیا، تاہم بعض عناصر ایک ذاتی اور نیک نیتی پر مبنی اقدام کو سستی میڈیا تشہیر کے لئے استعمال کر رہے ہیں جو افسوسناک ہے ۔چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے کہا کہ انہوں نے کسی تیسرے فریق کی نہیں بلکہ اپنے لوگوں اور اپنے ادارے کی نمائندگی کی۔ میری تمام کوششوں کا واحد مقصد علاقے کے عوام سے محبت، ان کی فلاح و بہبود اور خطے میں امن و مفاہمت کا فروغ ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن، مفاہمت اور عوامی فلاح کے لئے ان کی کوششیں کسی منفی مہم یا بے بنیاد پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments