پی ٹی آئی کا 5 اگست سے ملک گیر پرامن تحریک کا اعلان

پی ٹی آئی کا 5 اگست سے ملک گیر پرامن تحریک کا اعلان

ملک کو درپیش سیاسی و معاشی بحرانوں کا واحد حل آئین کی سربلندی میں، حلیم عادل جماعت اسلامی وفد کی صدر تحریک انصاف سندھ سے بڑے بھائی کی وفات پرتعزیت

کراچی (سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ آئین، آزاد عدلیہ، قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کے بغیر پاکستان ترقی اور عالمی اعتماد بحال نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 5 اگست سے آئین، جمہوریت،  عوامی مینڈیٹ اور قانون کی بالادستی کی بحالی کے لیے ملک گیر پرامن تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحرانوں کا واحد حل آئین کی سربلندی اور عوام کے حق حکمرانی کا احترام ہے ۔انہوں نے عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طویل قید اور تنہائی بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ،عمران خان کو فوری طور پر اپنے ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے جبکہ بشریٰ بی بی کی صحت اور قانونی حقوق کا بھی مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم کر کے تمام سیاسی رہنماؤں کو انصاف فراہم کیا جائے ۔ حلیم عادل نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی جیسے قومی مسئلے پر پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے ، تاہم وفاقی حکومت نے قومی سلامتی پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی انجینئرنگ اور مخالفین کے خلاف کارروائیوں کو ترجیح دی، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام پر معاشی حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی فوری ختم ، عوام کو ریلیف فراہم اور حکومتی شاہ خرچیوں و غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کمی لائی جائے ۔ ادھر جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے وفد کے ہمراہ حلیم عادل شیخ سے عادل ہاؤس میں ملاقات کی اور ان کے بڑے بھائی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ وفد میں جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا آفتاب احمد، زین العابدین لغاری، ایڈووکیٹ آغا عبدالفتاح پٹھان، معاون خصوصی زاہد حسین راجپر اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی شامل تھے ۔ ملاقات کے دوران سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر حلیم عادل نے کہا کہ اٹھارہ برس سے سندھ کے عوام کے آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ سندھ کے عوام اپنے حقوق، آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک و قوم کی ترقی، سندھ کے عوام کی خوشحالی اور باہمی رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...